Dec ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۹:۰۶ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف مالی پابندیوں سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں بیان شدہ وعدے غیر مربوط ہیں: روسی نمائندے کا بیان
    دہشت گردی کے خلاف مالی پابندیوں سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں بیان شدہ وعدے غیر مربوط ہیں: روسی نمائندے کا بیان

اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے نے دہشت گردی کے خلاف مالی پابندیوں سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں بیان شدہ وعدوں کو غیر مربوط قرار دیا ہے۔

نیویارک سے اسپوٹنک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے ویتالی چورکین نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف قرارداد کی منظوری کے بعد کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کا قلع قمع صرف اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ دہرے معیار کو بالائے طاق رکھ دیا جائے اور اس دہشت گرد گروہ کو مالی وسائل کی ترسیل روک دی جائے۔

ویتالی چورکین نے مزید کہا کہ تمام ممالک اس قرارداد میں بیان شدہ امور کو عملی جامہ نہیں پہناتے ہیں۔

ویتالی چورکین نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسمگلر نقد پیسے دے کر داعش سے تیل خریدتے ہیں اور وہ ترکی سے ایک ٹرانزٹ ملک کے طور پر فائدہ اٹھاتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے نے کہا کہ روزانہ پندرہ لاکھ بیرل تیل غیر قانونی طور پر برآمد ہو رہا ہے۔ ویتالی چورکین نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ تمام ممالک کو ہم آہنگی کے ساتھ ان مسائل خصوصا داعش کی فنڈنگ کے چینلوں کے بارے میں تحقیق کرنی چاہئے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں دہشت گرد گروہ داعش کو کی جانے والی مالی وسائل کی ترسیل کے خلاف کارروائی کرنے پر توجہ دی گئی ہے اور اس قرارداد پر عمل کرنے اور اکثر ممالک کو اس دہشت گرد گروہ کے خلاف کارروائی پر مائل کرنے کے بارے میں ہدایات دی گئی ہیں۔

ٹیگس