ایران کا ایٹمی معاہدہ اور کیوبا کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی دو ہزار پندرہ میں امریکی حکومت کی کامیابیاں ہیں: صدر باراک اوباما
-
ایران کا ایٹمی معاہدہ اور کیوبا کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی دو ہزار پندرہ میں امریکی حکومت کی کامیابیاں ہیں: صدر باراک اوباما
امریکی صدر باراک اوباما نے ایران کے ایٹمی معاہدے اور کیوبا کے ساتھ سفارتی تعلقات کے از سر نو آغاز کو سنہ دو ہزار پندرہ میں اپنی حکومت کی کامیابیوں سے تعبیر کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے ایک پریس کانفرنس میں شام کی تازہ ترین صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس بات کا دعوی کیا کہ بشار اسد اس ملک میں امن قائم نہیں کر سکتے ہیں۔
باراک اوباما نے یہ دعوی بھی کیا کہ وہ اس بات کا قائل ہیں کہ بشار اسد کی قانونی حیثیت ختم ہو گئی ہے اور ان کو اقتدار سے الگ ہونا پڑے گا اور جب تک وہ برسراقتدار رہیں گے تب تک شام میں امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔
امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا تھا کہ ان کا ملک داعش مخالف اتحاد کی قیادت کرتا رہے گا اور اس دہشت گرد گروہ پر ماضی کی نسبت زیادہ شدید حملے کئے جائیں گے۔ باراک اوباما نے اس بات کا بھی دعوی کیا کہ داعش مخالف اتحاد نے عراق میں اس گروہ کے زیر قبضہ چالیس فیصد علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے۔
امریکی صدر نے گوانتانامو جیل بند کئے جانے کو دہشت گردی سے مقابلے کی اسٹریٹیجی قرار دیا اور کہاکہ یہ جیل انتہاپسندوں کے لئے مقناطیس کے مترادف ہے۔