ترکی: استنبول میں ہونے والے بم دھماکے میں آٹھ جرمن شہری ہلاک
جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے منگل کے دن کہا کہ ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے بم دھماکے میں آٹھ جرمن شہری ہلاک اور کم از کم نو زخمی ہوئے ہیں۔
برلن سے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق فرانک والٹر اشٹائن مائر نے کہا کہ ہم کو کئی برسوں سے اس طرح کی بدترین دہشت گردی کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا جیسا استنبول میں کرنا پڑا ہے۔
جرمن وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم اس وحشیانہ اور بزدلانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکی خصوصا استنبول میں موجود جرمنی کے تمام شہریوں سے کہا ہے کہ وہ سفر کے دوران جرمن وزارت خارجہ کی جانب سے سیکورٹی کے متعلق جاری کی جانے والی ہدایات پر پوری توجہ دیں اور ان پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ منگل کے دن استنبول کے ایک سیاحتی علاقے میں ایک دہشت گردانہ بم دھماکے میں کم از کم دس افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے تھے۔