اسپین: پوڈ موس پارٹی نے حکومت سازی کے لیے بائیں بازو کے اتحاد کی تجاویز قبول کرلیں
اسپین میں پوڈ موس پارٹی نے حکومت سازی کے لیے بائیں بازو کے اتحاد کی تجاویز کو قبول کرلیا ہے۔
پوڈموس پارٹی کے رہنما پیبلو اگلیسیاس نے اسپین کے بادشاہ کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں اپنی پارٹی کے فیصلہ سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ملک میں جاری سیاسی تعطل کو دور کرنے کے لیے سوشلسٹ ورکرز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی حکومت میں وہ نائب وزیراعظم ہونگے جبکہ وزیراعظم کا عہدہ سوشلسٹ ورکرز پارٹی کے رہنما پیڈور سانچز کو دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سازی کے بارے میں دونوں جماعتوں کے درمیان صلاح و مشورے کا عمل جاری ہے اور اس کے نتائج جلد سامنے آجائیں گے۔
سوشلسٹ ورکرز پارٹی نے اب تک پوڈ موس پارٹی کے رہنما کے اس بیان کی تردید نہیں کی ہے۔ اسپین میں بیس دسمبر کے پارلیمانی انتخابات میں کوئی بھی پارٹی لازمی اکثریت حاصل نہیں کرسکی تھی۔