ڈاکٹر علی اکبر ولایتی روس کے دورے پر ماسکو پہنچ گئے
رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر برائے عالمی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی چار روزہ سرکاری دورے پر روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچ گئے۔
ماسکو پہنچنے پر اعلی روسی حکام نے ایئرپورٹ پر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی اور ان کے ہمراہ وفد کے ارکان کا خیر مقدم کیا۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی جو تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ بھی ہیں، روس کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کی دعوت پر ماسکو پہنچے ہیں۔
ماسکو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ایرا ن اور روس کے تعلقات کو اہم اور اسٹریٹیجک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ، ایٹمی اور دفاعی میدان میں تعاون کے علاوہ علاقائی سطح پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ ڈاکٹرعلی ولایتی نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان علاقائی تعاون میں اضافہ ہوا ہے اور ایران، روس، شام اور عراق کے درمیان اتحاد میں اس کا بخوبی مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔
عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیراور اسٹریٹیجک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی ماسکو میں اپنےقیام کے دوران اعلی روسی حکام کے ساتھ، سیاسی اور سیکورٹی تعاون کے علاوہ اہم اعلاقائی اور اسٹریٹیجک معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
پروگرام کے مطابق ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی، ماڈرن جیو پولیٹک حالات میں ایران روس تعاون کے بارے میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ، صدر ولادیمیر پوتن، روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نکولائی پیٹروشیف اور روسی پارلیمنٹ کے بین الاقوامی امور کے کمیشن کے سربراہ الیکسی پوشنکو ف سے بھی ملاقات کریں گے۔