جزیرہ نمائے کوریا میں امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب کی مخالفت
چین نے جنوبی کوریا میں جدید ترین میزائل ڈیفنس سسٹم ٹیڈ کی تنصیب کی مخالفت کی ہے۔
چین کے نائب وزیر خارجہ یانگ یے سوئے نے سیؤل میں جنوبی کوریا کے نائب وزیر خارجہ لم سونگ نم سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے بجائے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے۔
چین کے نائب وزیر خارجہ نے کہاکہ ان کا ملک مذاکرات کو جزیرہ نمائے کوریا کے بحران کے حل کا مناسب طریقہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیڈ میزائل سسٹم کی تنصیب پر اصرار کے نتیجے میں بعض ملکوں کے ساتھ چین کے تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔
اس سے پہلے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے میونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکہ کو خبردار کیا کہ شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ میزائل تجربے کے ردعمل میں وہ میزائل دفاعی سسٹم کی تعیناتی میں احتیاط کرے اور چین کی سلامتی کے لئے خطرہ نہ بنے۔
اپنے امریکی ہم منصب جان کیری سے ملاقات میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ امریکیوں کو احتیاط سے عمل کرنا چاہئے تاکہ چین کی سلامتی کو نقصان نہ پہنچے اور علاقائی امن و سلامتی میں ایک اور پیچیدہ مسئلے کا اضافہ نہ ہو-
شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کے تجربے اور خلا میں بیلسٹک میزائل کے ذریعے مصنوعی سیارہ بھیجے جانے کے بعد کسی بھی اعلی چینی سفارت کار کا یہ پہلا دورہ جنوبی کوریا ہے۔ شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل تجربے کے بعد امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان نے اس کے خلاف پابندیاں عائد کردی ہیں اور یہ ممالک ٹیڈ میزائل سسٹم کی تنصیب پر زور دے رہے ہیں۔