شام کے بحران کو فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جاسکتا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے شام میں سعودی عرب اور ترکی سمیت کسی بھی ملک کی فوجی مداخلت کی بارے میں سخت خبردار کیا ہے۔
بان کی مون نے سلامتی کونسل کے نام اپنے ایک خط میں لکھا ہے کہ شام کے بحران کو فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جاسکتا۔
بان کی مون کے مطابق ایسے وقت میں جب بحران شام کے حل کی غرض سے مذاکرات جاری ہیں فوجی آپشن کی باتیں کسی طور پرسود مند ثابت نہیں ہوسکتیں۔
انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ بحران شام کے آغاز سے اب تک ڈھائی لاکھ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحران شام کو فوجی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی گئی تو مزید شامی شہریوں کے قتل عام کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ فوجی آپشن کے استعمال کے نتیجے میں داعش اور جبہت النصرہ جیسے دہشت گرد گروہوں کے ہاتھ مضبوط اور انہیں اپنی سرگرمیاں بڑھانے کا موقع ملے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یہ انتباہ ترکی اور سعودی عرب کے اس اعلان کے بعد دیا ہے کہ انقرہ اور ریاض شام میں زمینی فوج بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔