سلامتی کونسل میں شام میں جنگ بندی کی قرارداد منظور
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام میں جنگ بندی کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گزشتہ رات اس قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دی۔ جمعہ کے روز روس اور امریکہ نے شام میں جنگ بندی کے بارے میں قرارداد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی تھی۔
اقوام متحدہ میں ونزویلا کے مستقل نمائندے اور سلامتی کونسل کے موجودہ صدر رافائل رامیرز نے جمعہ کے روز امید ظاہر کی تھی کہ یہ قرارداد جلد از جلد منظور ہو جائے گی۔
اس قرارداد میں جنگ بندی کے تمام فریقوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے وعدوں کی پابندی کریں۔ اسی طرح تمام متحارب فریقوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ امدادی کارکنوں کے شام میں داخل ہونے اور اس ملک میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے ضروری سہولیات فراہم کریں۔ اس قرارداد میں اسی طرح امن مذاکرات کی جلد سے جلد بحالی کی درخواست کی گئی ہے۔