Mar ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • شام میں حملےداعش اور جبہۃ النصرہ کے ٹھکانوں تک محدود رکھنے پر اتفاق

امریکہ اور روس نے شام میں فوجی کارروائیوں کا دائرہ ، داعش اور جبہت النصرہ کے ٹھکانوں تک محدود کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اور ماسکو نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ شام میں جاری حملے داعش اور جبہۃ النصرہ کے ٹھکانوں تک محدود کردیئے جائیں۔ جان کیری نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاؤ روف کے ساتھ اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ شام میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر کھلم کھلا بحث نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جنیوا اور امان میں بعض گروہوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کے معاملات کی نگرانی کا کام سونپا گیا ہے۔

اس سے قبل روسی صدر کے خصوصی نمائندے میخائل بوگدانوف نے کہا تھا کہ ماسکو اور واشنگٹن نے شام میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے معاملے سے نمٹنے کا طریقہ کار طے کرلیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ شام میں ستائیس فروری سے دس روزہ جنگ بندی پرعملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔ دہشت گرد گروہوں داعش اور جبہت النصرہ پر اس جنگ بندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ٹیگس