Mar ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۷:۵۲ Asia/Tehran
  • یوکرین اور شام کے معاملے میں روس کے بارے میں اپنے موقف پر قائم ہیں: یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا اعلان

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرین اور شام کے معاملے میں روس کے رویّے اور ماسکو کے خلاف عائد پابندیوں کے تعلق سے اپنے موقف پر پوری سختی سے قائم ہیں۔

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے برسلز میں کہا ہے کہ خواہ وہ یوکرین کےتنازعے کے تعلق سے روس پر عائد پابندیوں کا مسئلہ ہو یا پھر شام میں بشار اسد کے لئے روس کی حمایت کی بات ہو، دونوں ہی معاملات میں وہ روس کے خلاف اپنے موقف پرقائم ہیں- برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے کہا کہ ہمیں روس کے ساتھ تعلقات رکھنے چاہئیں لیکن روس نے ہماری اقدار اور سلامتی کے لئے جو خطرات پیدا کئے ہیں انہیں نظر انداز بھی نہیں کیا جانا چاہئے۔

یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بھی یورپی یونین کے چھبیس ملکوں کے وزرائے خارجہ سے کہا کہ وہ روس کے ساتھ تعلقات کے بارے میں ایک مشترکہ اصول اور تعریف وضع کریں کہ ہمیں روس کے ساتھ کس نوعیت کے تعلقات رکھنے ہیں-

انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں روس کے خلاف پابندیوں کے بارے میں جس کی مدت جولائی کے آخر میں ختم ہو رہی ہے، مذاکرات نہیں ہوں گے-

سلواکیہ کے وزیر خارجہ میروسلاؤ لاجاک نے بھی کہا کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب یوکرین میں حالات ابھی بھی پائیدار نہیں ہیں، ہم نہیں سمجھتے کہ اس سلسلے میں یورپ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی آئے گی-

یورپی یونین منسک معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔ واضح رہے کہ اسی معاہدے کے تحت یوکرین میں جنگ بندی جاری ہے جس کی کبھی کبھی خلاف ورزی بھی ہو جاتی ہے-

ٹیگس