ہیٹن کیاو ، میانمار کے نئے صدر منتخب
میانمار کے ارکان پارلیمان نے ہیٹن کیاو کو ملک کا صدر منتخب کرلیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق چھے سو باون ارکان پر مشتمل میانمار کی قومی اسمبلی کے تین سو ساٹھ ارکان نے ہیٹن کیاو کے حق میں ووٹ دیئے جبکہ فوج کے حمایت یافتہ امیدوار مینت سوئیو کو دو سو تیرہ ووٹ ملے۔
ایک اور نامزد صدراتی امیدوار ہینری وین تھائی، صرف اناسی ووٹ حاصل کرسکے۔
مینت سوئیو اور ہینری وان تھائی آئین کے تحت بالترتیب پہلے اور دوسرے نائب صدر ہوں گے۔
میانمار کے آئین کے مطابق نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کی سربراہ آنگ سان سوچی ملک کی صدر نہیں بن سکتی کیوں کہ ان کے شوہر غیرملکی ہیں۔
اسی قانون کے تحت آنگ سان سوچی کے بچے بھی اقتدار میں نہیں آ سکتے جس کی وجہ سے انہوں نے انہتر سالہ ہیٹن کیاو کو صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا۔
صدر ہیٹن کیاو کو آنگ سان سوچی کا بہت قریبی، بااعتماد اور وفادار سمجھا جاتا ہے اور نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کے قریبی حلقوں میں بھی انہیں قابل بھروسہ شخص تصور کیا جاتا ہے۔