Mar ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran
  • دیواریں کھینچنا پناہ گزینوں کے مسئلے کا حل نہیں: بان کی مون

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ یورپ دیواریں کھڑی کر کے پناہ گزینوں کے بحران پر قابو نہیں پاسکتا۔

جرمن جریدے ڈیلی بلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ دیواریں کھڑی کرنا، پناہ گزینوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور انہیں واپس بھیجنا مشکل کا حل نہیں ہے۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپی یونین کے رہنماؤں اور ترکی کے وزیراعظم کے درمیان اہم ملاقات ہونے والی ہے جس میں پناہ گزینوں کے حوالے سے یورپی یونین اور ترکی کے درمیان مجوزہ معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔کہا جا رہا ہے کہ اس معاہدے کے تحت ترکی ایسے تمام پناہ گزینوں کو واپس قبول کر لے گا جو اس کی سرحدوں سے یورپ میں داخل ہوئے ہیں۔

بعض یورپی ملکوں نے پناہ گزینوں کے داخلے کو روکنے کے لیے سرحدوں پر باڑ نصب اور دیوار کھڑی کرنا شروع کردی ہیں۔

افریقہ اور مشرق وسطی سمیت دنیا کے بحران زدہ علاقوں سے ترک وطن کرکے بلقان کے راستے یورپی ملکوں میں پناہ کی تلاش میں جانے والوں کی اکثریت یونان اور دوسرے یورپی ملکوں کے سرحدی علاقوں میں پھنس گئی ہے جہاں انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اکثر سیاسی حلقے بحران زدہ علاقوں میں مغربی ملکوں کی بے جا مداخلت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بدامنی اور تشدد کو پناہ گزینوں کے بڑھتے ہوئے سیلاب کی وجہ قرار دے رہے ہیں جس نے یورپ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

یورپی یونین کے ادارہ شماریات ، دی یورو اسٹٹ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سن دوہزار پندرہ کے دوران تقریبا بارہ لاکھ پچپن ہزار چھے سو پناہ گزین مختلف یورپی ممالک پہنچے ہیں جن کی ایک تہائی سے زیادہ اکثریت جرمنی میں مقیم ہے۔

ٹیگس