آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کی حمایت سے متعلق قرارداد سے نتنیاہو کو تشویش
صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کی حمایت میں قرارداد کی منظوری پر تشویش ظاہر کی ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق صیہونی وزیراعظم بنیامین نتنیاہو نے منگل کو، امریکہ میں اسرائیل کی سب سے زیادہ اثر و رسوخ رکھنے والی لابی آیپک کے سالانہ اجلاس میں ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے دھمکی دی ہے کہ آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کی حمایت میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے کسی بھی قرارداد کی منظوری ساز باز مذاکرات کی ناکامی کا سبب بنے گی- نتنیاہو نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ماضی کی طرح اس قسم کی قرارداد کی مخالفت کرے-
صیہونی وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس ساز باز مذاکرات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں- واضح رہے کہ صیہونی حکومت اور فلسطینی انتظامیہ کے درمیان ساز باز مذاکرات ، اپریل دوہزار چودہ سے صیہونی حکومت کی خلاف ورزیوں اور یہودی کالونیوں کی تعمیر جاری رہنے کے سبب تعطل سے دوچار ہوگئے-
فلسطین کی جہادی تنظیموں حماس اور تحریک جہاد اسلامی کا خیال ہے کہ ساز باز مذاکرات سے ملت فلسطین کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے اور ان مذاکرات سے، صرف صیہونی حکومت کے اہداف کی تکمیل ہوتی ہے- فلسطین کے مزاحمتی گروہ ، مزاحمت اور صیہونی حکومت مخالف انتفاضہ جاری رکھنے کو، صیہونی جارحیتوں اور غاصبانہ قبضے کے خاتمے کا واحد راستہ قرار دیتے ہیں-