ایران مشرق وسطی کا اہم ترین ملک ہے، آسٹریا کے صدر کا بیان
آسٹریا کے صدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کشیدگی سے دوچار مشرق وسطی کا بہت بڑا اور اہم ترین ملک ہے۔
آسٹریا کے صدر ہینز فیشر نے ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے دورہ آسٹریا کے موقع پر ایک بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور آسٹریا کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران، مشرق وسطی کا اہم ترین ملک ہے اور دنیا، ایران کی شمولیت سے اس علاقے کا بحران کافی حد تک کم کر سکتی ہے۔
آسٹریا کے صدر نے بحران شام کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ اس بحران کے نتیجے میں نہ صرف کافی جانی نقصان ہوا بلکہ یورپ کو پناہ گزینوں کے ریلے کا بھی سامنا کرنا پڑا جبکہ یورپ، علاقے کی ایک اہم طاقت کی حیثیت سے ایران کی مدد سے اس بحران کا خاتمہ کر سکتا ہے۔
ہینز فیشر نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے اور مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کو ایران اور یورپ کے درمیان تعلقات میں نئے دور کے آغاز سے تعبیر کیا اور کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد سے ایران اور آسٹریا کے درمیان تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔ انھوں نے اپنے کامیاب دورہ تہران اور ایران میں رہبر انقلاب اسلامی، صدر مملکت اور دیگر اعلی ایرانی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا دورہ آسٹریا، دونوں ملکوں کے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ آسٹریا کے صدر نے کہا کہ ان کا ملک، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات، خاص طور سے توانائی، اقتصادی، تعلیمی اور سائنسی شعبوں میں تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہتا ہے۔