شمالی کوریا نے ایک اور میزائل کا تجربہ کیا، جنوبی کوریا کی فوج کا دعوی
جنوبی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ شمالی کوریا نے امریکہ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کی پرواہ کئے بغیر ایک اور میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا کے رہنماؤں کی جانب سے شمالی کوریا سے اس مطالبے کے چند ہی گھنٹوں کے بعد کہ شمالی کوریا اشتعال انگیز اقدامات عمل میں لانے سے گریز کرے، جنوبی کوریا کی فوج نے دعوی کیا ہے کہ شمالی کوریا نے ایک اور میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
جنوبی کوریا کے ایک اعلی فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے مشرقی سواحل کے قریب ایک علاقے سے سمندر کی طرف ایک میزائل چھوڑا ہے۔ جنوبی کوریا کے اس فوجی عہدیدار کے دعوے کے مطابق شمالی کوریا کا یہ میزائل بظاہر بیلسٹیک قسم کا تھا تاہم اس سلسلے میں ابھی تحقیقات جاری ہیں۔
شمالی کوریا کی جانب سے اس میزائل کا ایسی حالت میں تجربہ کیا گیا ہے کہ جمعرات کو واشنگٹن میں جنوبی کوریا اور امریکہ کے صدور اور جاپان کے وزیراعظم کی شرکت سے سہ فریقی اجلاس تشکیل پایا جس میں جزیرہ نمائے کوریا میں کشیدگی، شمالی کوریا کے جوہری پروگرام اور علاقے میں چین کے کردار نیز ٹوکیو اور سیؤل کے ساتھ واشنگٹن کے دو طرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔