پیرس مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کا میدان
فرانس میں لیبر قانون میں اصلاحات کے خلاف مظاہروں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید تصادم ہونے کی خبر ہے۔
مغربی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق فرانس میں لیبر قانون میں اصلاحات کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا۔
اس رپورٹ کے مطابق بعض جگہوں پر پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے جواب میں مظاہریں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پٹرول بم پھینکے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت پیرس میں بھی منگل کو پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا۔
بتایا گیا ہے کہ منگل کو بڑی تعداد میں یونیورسٹیوں کے طلبا نے لیبر قانون کے خلاف پیرس کے نیشنل اسکوائر پر اجتماع کیا۔ احتجاجی طلبا نیشنل اسکوائر سے باستیل اسکوائر تک جلوس نکالنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے انہیں روک دیا جس کے بعد پولیس اور طلبا میں تصادم ہو گیا۔
پولیس نے لیبر قانون میں اصلاحات کے خلاف مظاہرہ کرنے والے طلبا کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پٹرول بم پھینکے۔
یاد رہے کہ فرانس میں لیبر قانون میں اصلاحات کے خلاف طلبا اور مزدور یونینوں کی اپیل پر احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ کئی دن سے جاری ہے۔
فرانس میں لیبر قانون میں اصلاحات کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں کمپنیوں کو اقتصادی مشکلات اور مصنوعات کی مانگ میں کمی جیسے مسائل کے بہانے اپنے ملازمین کو نکالنے کا جواز مل جائے گا۔