Apr ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۱ Asia/Tehran
  • دہشت گردوں کی جانب سے شام میں مسٹرڈ گیس کے استعمال پر روس کا اظہار تشویش

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے شام میں دہشت گردوں کی جانب سے مسٹرڈ گیس کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

رشیا ٹوڈے ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ شام کے علاقے دیرالزور میں دہشت گرد گروہ داعش کی جانب سے مسٹرڈ گیس کے استعمال پر مبنی رپورٹیں شدید تشویش کا باعث ہیں۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ ماسکو کا خیال ہے کہ دہشت گردوں کے اس قسم کے اقدامات کی شدید مذمت کی جانی چاہیے۔

ماریا زاخارووا نے شام کے تاریخی شہر تدمر میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے سلسلے میں روسی ماہرین کی سرگرمیوں کے بارے میں کہا کہ روس کے دھماکہ خیز مواد ناکارہ بنانے والے ماہرین نے اس شہر میں ڈیڑھ ہزار سے زائد بارودی سرنگوں اور بموں کو ناکارہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل روسی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا تھا کہ روسی ماہرین نے حال ہی میں آزاد ہونے والے تاریخی شہر تدمر میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔

ٹیگس