پنامہ لیکس مغربی سازش حصہ ہے، روسی صدر کا بیان
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے پنامہ لیکس کے انکشافات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
پریس ٹی وی کے مطابق ماسکو میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر پوتن نے کہا کہ پنامہ پیپر میں ان کا نام شامل نہیں ہے لہذا اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی ضرورت نہیں ہے۔
وکی لیکس کے بانی، جولیان اسانج کی جانب سے ایک الزام کا حوالہ دیتے ہوئے پوتن نے حکومتِ امریکہ پر پنامہ پیپرز کی پشت پناہی کا الزام لگایا۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ پنامہ کی لا فرم کی جانب سے افشا ہونے والی دستاویزات میں اُن کے قریبی ساتھیوں کے بدعنوانی میں ملوث ہونے کا ثبوت موجود ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ نام نہاد پنامہ پیپرز مغربی پروپیگنڈے کا ایک حصہ ہے، جس کا مقصد روس کو نقصان پہنچانا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جرمنی کے ایک اخبار نے مالیاتی اسکینڈل کے بارے میں پنامہ لا فرم موساک فونسکا کی گیارہ ملین خفیہ دستاویزات کا ایک حصہ شائع کیا ہے جس میں دنیا کے متعدد ملکوں کے اعلی عہدیداروں کے نام شامل ہیں۔ تاہم اخبار کا کہنا ہے کہ وہ مزید دستاویزات شائع نہیں کرے گا کیونکہ یہ مفاد عامہ کے حق میں نہیں ہے۔