تارکین وطن کے ساتھ مقدونیہ کا طرزعمل شرمناک ہے: یونانی وزیر اعظم
Apr ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
یونان کے وزیراعظم نے تارکین وطن کے ساتھ مقدونیہ کے طرزعمل کو شرمناک قرار دیا ہے
ایتھنز سے فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق یونان کے وزیراعظم الیکسس سپراس نے منگل کو ایک بیان میں ان تارکین وطن کے ساتھ حکومت مقدونیہ کے رویئے کو غیر مناسب اور شرمناک قرار دیا جو ایڈومینی سرحد عبور کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
یونان کے وزیراعظم نے کہا کہ مقدونیہ کے سیکورٹی اہلکاروں نے ان لوگوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ربر کی گولیاں چلائیں جو غیر مسلح تھے اور ان سے کسی قسم کا کوئی خطرہ بھی نہیں تھا۔ انھوں نے کہا کہ ایڈومینی سرحد پر صورتحال بہت شرمناک ہے اور تارکین وطن کے لئے بالکان کا راستہ بند کرنے کا فیصلہ یک جانبہ ہے۔
یاد رہے کہ سرحد بند ہونے کی وجہ سے ایڈومینی کیمپ میں تقریبا گیارہ ہزار تارکین وطن پھنس کے رہ گئے ہیں جو اس راستے سے پناہ کے لئے یورپ جانا چاہتے تھے۔