یورپی یونین کے وفدکا دورہ بغداد
یورپی یونین کے وفد نے بغداد میں عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی سے ملاقات میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ اور اس ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کئے جانے کے طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
العراقیہ ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے اعلی سطحی وفد کے سربراہ پیٹریک سیمونہ نے جمعے کو عراقی وزیراعظم سے ملاقات میں کہا کہ یورپی یونین دہشت گردوں کے خلاف جنگ اور اس ملک میں سیاسی اصلاحات کے نفاذ کے تعلق سے عراقی حکومت کی حمایت کرتی ہے-
انہوں نے عراقی پناہ گزینوں کو دوبارہ آباد کرنے اور دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد ہونے والے علاقوں میں بحالی امن کے لئے عراقی حکومت کے لئے یورپی یونین کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا- فریقین نے عراق کی سیاسی، سیکورٹی، اقتصادی اور مالی صورت حال پر بھی بات چیت کی-
دوسری جانب بغداد میں امریکی سفیر اسٹیورٹ جونز نے بھی عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری سے ملاقات کی- دریں اثنا عراق میں اقوام متحدہ کے نمائندے یان کوویچ نے بھی سلیم الجبوری سے ملاقات میں عراق کی تازہ ترین صورت حال اور عراق میں اصلاحات کے لئے اقوام متحدہ کی حمایت جاری رکھنے کی کوششوں پر بات چیت کی-
اس ملاقات میں پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے اصلاحات کے نفاذ کو پارلیمنٹ کی ایک اہم ترجیح قرار دیا اور پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کے لئے سیاسی گروہوں کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے پر تاکید کی-