داعش کے امریکا اور یورپ کے لئے خطرہ ہونے پر اوباما کی تاکید
امریکی صدر بارک اوباما نے داعش کو یورپ اور امریکا کے لئے حقیقی خطرہ قرار دیا ہے۔
اسکائی نیوز کے مطابق امریکی صدر بارک اوبامانے نے پیر کو جرمنی کے شہر ہانوور میں ایک صنعتی نمائش کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے داعش اور دیگر انتہا پسند گروہوں کے اقدامات کے بارے میں کہا کہ پوری دنیا میں انجام پانے والے وحشیانہ اقدامات سے ہم محفوظ نہیں ہیں۔ بقول ان کے داعش کے خلاف ان کے اقدامات اور پیشرفت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
امریکی صدر بارک اوباما نے کہا کہ نیٹو کے رکن سبھی ملکوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دنیا کو درپیش دیگر مسائل کے حل کی کوششوں میں سنجیدگی کے ساتھ شمولیت اختیار کرنا چاہئے۔
انھوں نے شام کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شام کے بحران کے سیاسی حل کے بارے میں ان کے نظریے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ بارک اوباما نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ واشنگٹن مزید دو سو پچاس فوجی شام روانہ کرے گا۔
امریکا کے صدر بارک اوباما نے یوکرین کی جنگ اور روس کے ساتھ اس کی کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مینسک سمجھوتے پرعمل درآمد تک روس کے خلاف پابندیوں کو جاری رکھنا چاہئے۔ انھوں نے دعوی کیا کہ روس نے یوکرین کے اقتداراعلی کی خلاف ورزی کی ہے۔