موگادیشو میں دہشت گرد گروہ الشباب کا حملہ
صومالیہ کے دارالحکومت موگادیشو میں دہشت گردانہ حملے میں کم سے کم پندرہ افراد کے مارے جانے کی خبر ہے۔
رائٹرز کے مطابق صومالیہ کے ایک فوجی عہدیدار نے اتوار کو اپنا نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ موگادیشو میں دہشت گرد گروہ الشباب کے حملے میں پندرہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔ سومالیہ کے مذکورہ فوجی عہدیدار نے مزید بتایا ہے کہ شہر "رانیر گود" پر الشباب نے دوبارہ قبضہ کرلیا ہے۔ اس فوجی عہدیدار نے اس سلسلے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں ۔
الشباب کے تازہ حملوں کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ گزشتہ ہفتے صومالیہ کی قومی فوج اور افریقی یونین کے فوجی دستوں نے گالدوگو کے شہر گالکاد سے الشباب کو باہر نکال کے اس شہر پر اپنا کنٹرول قائم کرلیا تھا ۔
دہشت گرد گروہ الشباب نے صومالیہ کے اکثر مرکزی اور جنوبی علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا لیکن دو ہزار پندرہ سے اس ملک کے بڑے شہر اس کے ہاتھ سے نکلنا شروع ہو گئے اور اب صرف چند دیہی علاقے ہی اس گروہ کے قبضے میں رہ گئے ہیں ۔