جان کیری شام کے امن مذاکرات میں پیشرفت کے بارے میں پرامید
امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وہ شام کے امن مذاکرات میں پیشرفت کے بارے میں پرامید ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے کہ جو شام کے امن مذاکرات میں شرکت کے لیے جنیوا گئے ہیں، جنیوا پہنچنے پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ شام کے امن مذاکرات معقول رفتار سے آگے بڑھیں گے۔
جان کیری نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ مذاکرات میں پیشرفت کے لیے شام میں مخالف گروہوں کے درمیان قابل ذکر اتفاق رائے موجود ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس سلسلے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔
انھوں نے شام میں مخالف گروہوں کو مخاطب کرتے ہوئے شام کی داخلی جنگ کے فریقوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے تنازعات کو ختم کر دیں اور اپنے مسائل اور مشکلات کو مذاکرات کی میز پر حل کریں۔
امریکی وزیر خارجہ نے اسی طرح جنیوا میں اپنے اردنی ہم منصب ناصر جودہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں شام میں خانہ جنگی کو ختم کرنے کے لیے ہمسایہ ممالک کی موجودگی اور شرکت پر تاکید کی۔ جان کیری نے کہا کہ ہم روس کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں اور ماسکو کی باتیں سننے اور ان کا جواب دینے کے لیے واضح طور پر کوشش کر رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ جنیوا میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ اور اسٹیفن ڈی میستورا سمیت دیگر حکام سے ملاقات اور صلاح و مشورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میستورا نے امریکہ اور روس کے صدور سے اپیل کی تھی کہ وہ شام کے امن مذاکرات کو ناکامی سے بچانے کے لیے جلد از جلد اقدام کریں۔