جنوبی کوریا نے فوج کو چوکس رہنے کا حکم دے دیا
May ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۹:۴۳ Asia/Tehran
جنوبی کوریا کے وزیراعظم نے شمالی کوریا کے ممکنہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کی غرض سے فوج کو چوکس رہنے کا حکم جاری کردیا ہے۔
روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے وزیراعظم ہوانگ کیو آن Hwang Kyo-ahn نے منگل کے روز کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج کو عوام کی سلامتی کے تحفظ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اس سے پہلے پیر کے روز جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ شمالی کوریا ممکن ہے ، حکمراں جماعت کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پانچواں ایٹمی تجربہ کرے۔
جزیرہ نمائے کوریا میں جاری کشیدگی میں اس وقت شدید اضافہ ہوگیا تھا جب شمالی کوریا نے جنوری کے اوائل میں ایک ہائیڈروجن بم کا کامیاب تجربہ کیا تھا اور اس کے ایک ماہ بعد ایک راکٹ بھی خلا میں بھیجا تھا۔ شمالی کوریا کے ان اقدامات کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری نے شدید مذمت کی تھی۔