شام سے متعلق امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر ڈی میستورا کی تاکید
شام کےامور میں اقوام متحدہ کےخصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میستورا نےشام سےمتعلق امن مذاکرات جلد سے جلد دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا ہے
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میستورا نے بدھ کو ویانا میں کہا کہ ہم شام کےعوام اور عالمی برادری سے یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ ہم مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی پوزیشن میں ہیں کیونکہ یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ شام کے بحران کو فوجی طریقےسےحل نہیں کیاجاسکتا-
انہوں نےکہا کہ یہ مذاکرات جلد سے جلد دوبارہ شروع ہونےچاہئیں بصورت دیگرمذاکرات میں پیشرفت کا امکان ختم ہوجائےگا- ڈی میستورا نے کہاکہ مذاکرات آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں اس کے باوجود ہم مذاکرات کی کامیابی کے بارے میں پرامید ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ شام میں گذشتہ پانچ برسوں سے جاری بحران کے نتیجے میں چار لاکھ افراد مارے جاچکے ہیں اور شام کی آدھی آبادی بےگھر ہوگئی ہے-
واضح رہے کہ منگل کو ویانا میں شام سے متعلق ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچے بغیرختم ہوگئے تاہم شام کے حامی بین الاقوامی گروپ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ شام میں جنگ بندی کو جس کے ٹوٹنے کا ہر آن خطرہ رہتاہے تقویت پہنچائےگا اور اس ملک میں انسان دوستانہ امداد روانہ کرے گا -
اس اجلاس میں ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے بھی شرکت کی تھی -