بشار اسد کو پوتین کا پیغام
روسی صدر ولادیمیر پوتین نے شام کے صدر بشار اسد کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ ماسکو، شام مخالف دہشت گردوں کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق پوتین نے اس پیغام میں شام کے دو شہروں میں ہونے والے متعدد دھماکوں میں سو سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے پر شام کی قوم اور حکومت کو تعزیت پیش کی ہے-
واضح رہے کہ پیر کو شام کے ساحلی صوبے لاذقیہ کے شہر طرطوس اور جبلہ میں ہونے والے خودکش حملوں اور کار بم دھماکوں میں ایک سو تیس افراد جاں بحق اور ایک سو بیس سے زائد زخمی ہو گئے داعش نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے-
پوتین نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس اندوہناک واقعے نے دہشت گرد گروہوں کی غیر انسانی اور وحشیانہ ماہیت کو مزید برملا کردیا ہے -
روسی وزارت خارجہ نے بھی شام کے اس دہشت گردانہ واقعے میں مرنے والوں کے پسماندگان، شام کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان دہشت گردانہ اقدامات کا مقصد جنگ بندی کو ناکامی سے دوچار کرنا اور دوبارہ جنگ کا آغاز کرنا ہے-