مشرقی یوکرین میں ہونے والی لڑائیوں میں یوکرین کے سات فوجی ہلاک
مشرقی یوکرین میں ہونے والی لڑائیوں میں یوکرین کے سات فوجی ہلاک ہوگئے ہیں
یوکرین کی قومی دفاعی اور سیکورٹی کونسل کے سکریٹری الیکزنڈر تورچینوف نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے درمیان یوکرین کی حکومت کے مخالفین کی گولہ باری میں سات یوکرینی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں-
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس گولہ باری میں نو یوکرینی فوجی زخمی ہوئے ہیں - یوکرین کے مذکورہ عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا کہ روس اس وقت یوکرین سے ملنے والی اپنی سرحدوں پر بھاری ہتھیار تعینات کر رہا ہے -
اس درمیان یوکرین کی فوج کے ترجمان موتوزیانیک نے بھی کہا ہے کہ سات یوکرینی فوجیوں کی ہلاکت یوکرین کی فوج کا بڑا نقصان ہے- یوکرین کی حکومت نے کہا ہے کہ دوہزار سولہ میں کسی ایک دن میں ہلاک ہونے والے یوکرینی فوجیوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے -
دوسری جانب فرانس، جرمنی، روس اور یوکرین کے سربراہوں نے پیر کو اپنی ٹیلی فونی گفتگو میں اس بات پر زور دیا ہے کہ گذشتہ برس ہونے والے مینسک معاہدے پر جلد سے جلد عمل درآمد شروع کیا جائے-