یورو کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز، لیبر قوانین کے خلاف احتجاج میں تیزی
فرانس میں یورو کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے آغاز کے موقع پر مجوزہ لیبر قوانین کے خلاف احتجاج تیز ہو گیا۔ ایئر فرانس کے پائلٹوں نے چار روزہ ہڑتال کا اعلان کردیا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں یورو کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز، جمعہ دس جون سے انتہائی سخت حفاظتی تدابیر میں ہو رہا ہے ۔ اس موقع پر پیرس سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مجوزہ لیبر قوانین کے خلاف احتجاج تیز ہو گیا ہے۔
پیرس اور نانت شہر میں ہزاروں افراد نے متنازع بل کے خلاف سڑکوں پر مارچ کیا ۔ جس میں بزرگ پنشنرز بھی شامل تھے ۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آ گئے۔ پولیس نے کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا ۔
ایئر فرانس کے پائلٹوں نے حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد چار روزہ ہڑتال کا اعلان کردیا ہے ۔ کچرا اٹھانے والے مزدوروں نے بھی چودہ جون تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔