یورپی یونین سے برطانیہ کے نکل جانے کی مخالفت
برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے یورپی یونین سے نکلنے کے نتائج کی جانب سے خبردار کیا ہے۔
لندن سے موصولہ رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر برطانیہ یورپی یونین سے نکل گیا تو اس کے بہت ہی خطرناک اقتصادی نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے رکن کی حیثیت سے برطانیہ اقتصادی ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگر برطانیہ یورپی یونین سے نکل گیا تو فطری طور پر اس کی تجارت کو نقصان پہنچے گا ۔ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ جب سرمایہ دار یہ دیکھیں گے کہ برطانیہ کو یورپی یونین تک دسترسی حاصل نہیں ہے تو وہ برطانیہ میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے کے نتائج کے تعلق سے کافی باتیں کی جا رہی ہیں لیکن ایسا کوئی قابل اطمینان نظریہ پیش نہیں کیا گیا ہے جس میں یہ دعوی کیا گیا ہو کہ یورپی یونین سے نکل جانا برطانیہ کے فائدے میں ہے۔
ڈیوڈ کیمرون نے اسی کے ساتھ برطانیہ کی بین الاقوامی پوزیشن پر زور دیا اور کہا کہ یورپی یونین سے نکل جانے کی صورت میں برطانیہ کی بین الاقوامی پوزیشن بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔
یاد رہے کہ برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اتوار کو تین دن کے وقفے کے بعد ریفرنڈم کے بارے میں تشہیراتی مہم شروع ہونے پر ایک انٹرویو میں خبردار کیا تھا کہ اگر ریفرنڈم میں یورپی یونین سے نکل جانے کا فیصلہ کیا گیا تو پھر اس فیصلے کو واپس نہیں لیا جاسکے گا۔