شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران، ہندوستان اور پاکستان کی رکنیت کی حمایت
قزاقستان کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران، ہندوستان اور پاکستان کی ممکنہ رکنیت، یوریشیا اقتصادی ماحول کو سازگار بنانے کے لئے ایک اہم قدم ہے۔
ایتارتاس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قزاقستان کے صدر نور سلطان نظربایف نے شنگھائی تعاون تنظیم کو ایک اہم تنظیم قرار ریتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنظیم، ہندوستان اور پاکستان کو نئے رکن ممالک کی حیثیت سے تسلیم کرنا چاہتی ہے جس کے بعد اس تنظیم میں ایران کی رکنیت کے مسئلے پر گفتگو ہوگی۔
نظربایف کے مطابق امریکی کوششوں سے بحراٹلانٹک کے دونوں طرف اور بحرالکاہل میں آزاد تجارتی علاقوں کے قیام کا امکان، یوریشیا میں اقتصادی بلاکوں کے قیام کی ضرورت کا باعث بنا ہے۔
واضح رہے کہ تئیس جون کو شنگھائی تعاون تنظیم کے قیام کی پندرہویں سالگرہ منائی جا رہی ہے اور یہ تنظیم، دنیا کی چوّالیس فیصد آبادی پر مشتمل اٹھارہ ملکوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔