جنوبی سوڈان میں جھڑپوں پراقوام متحدہ کا انتباہ
Jun ۲۶, ۲۰۱۶ ۰۹:۵۳ Asia/Tehran
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جنوبی سوڈان کے شمال مغربی علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں پر خبردار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے جنوبی سوڈان کے شمال مغربی شہر واؤ میں ہونے والی حالیہ جھڑپوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں مزید امن فوجیوں کی تعیناتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انھوں نے شہر واؤ میں ہونے والی جھڑپوں میں عام شہریوں کے قتل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے متحارب فریقوں سے تشدد کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
گذشتہ ہفتے بھی اقوام متحدہ کے انسان دوستانہ امور کے کوآرڈینیٹر دفتر نے جنوبی سوڈان میں تشدد میں اضافے پر خبردار کیا تھا۔
واضح رہے کہ جنوبی سوڈان میں خانہ جنگی کی بناء پر اس ملک کے ہزاروں عام شہری، جنوبی سوڈان میں قائم کردہ اقوام متحدہ کے کیمپوں میں رہائش اختیار کئے ہوئے ہیں۔