Jul ۰۲, ۲۰۱۶ ۲۰:۱۶ Asia/Tehran
  • یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے خلاف لندن میں مظاہرہ

یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے خلاف لندن میں ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔

یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے خلاف لندن میں ہوئے اس مظاہرے میں شریک لوگ اپنے ہاتھوں میں ایسے پلےکارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر نعرے درج تھے کہ ہم ابھی بھی یورپی یونین کے ساتھ ہیں- مظاہرے میں شریک لوگوں نے علیحدگی کے فیصلے کے خلاف شدید نعرے لگائے-

مظاہرے میں شریک ایک شخص نے کہا کہ ہم اپنے مستقبل کو لے کر سخت پریشان ہیں- ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے تعلق سے دوبارہ ریفرنڈم کرایا جائے- مظاہرے میں زیادہ تر نوجوان شریک تھے-

مظاہرے کے شرکاء سے حزب اختلاف کی جماعت لیبرپارٹی کے سربراہ جرمی کوربین نے بھی خطاب کیا-

واضح رہے کہ جون کے آخری ہفتے میں ہونے والے ریفرنڈم میں لندن کے ساٹھ فیصد سے زائد رائے دہندگان نے یورپی یونین میں باقی رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا جبکہ مجموعی طور پر برطانیہ کے باون فیصد رائے دہندگان نے یورپی یونین سے الگ ہونے کے لئے ووٹ دیا تھا-

ریفرنڈم کے نتیجے کے اعلان کے بعد وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا-

ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے لئے ہونے والے ریفرنڈم کے بعد ملک میں سیاسی افراتفری کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں خاص طور پر نوجوانوں میں تشویش پائی جاتی ہے-

 

 

ٹیگس