Jul ۱۱, ۲۰۱۶ ۲۰:۴۱ Asia/Tehran
  • کیمرون نے استعفی کا اعلان کر دیا ،

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اعلان کیا ہے کہ وہ بدھ کو وزیراعظم کے منصب سے مستعفی ہو جائیں گے اور ان کی جگہ ہوم منسٹر تھریسا مے وزیراعظم کا عہدہ سنبھال لیں گی۔

میڈیار پورٹوں کے مطابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ وہ بدھ کو اپنا استعفی ملکہ ایلزبتھ کو پیش کردیں گے اور تھریسامے کو وزیراعظم بنانے کی سفارش کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تھریسا مے کو اپنی بھر پور حمایت کا یقین دلایا۔

اس سے پہلے وزیراعظم بننے کی دوڑ میں شامل تمام امیدواروں نے رضاکارانہ طور پر دستبرداری کا اعلان کیا تھا جس کے بعد تھریسا مے ہی واحد امیدوار رہ گئی تھیں۔

ڈیوڈ کیمرون نے تھریسا مے کو ٹیلی فون کیا اور انہیں آئندہ نیا وزیراعظم ہونے پر مبارکباد دی۔ ڈیوڈ کیمرون نے تھریسامے کے وزیراعظم بننے پر خوشی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک باہمت، اہل اور وزیراعظم کیلئے انتہائی موزوں امیدوار ہیں۔

ڈیوڈ کیمرون نے منگل کو اپنی کابینہ کی میٹنگ کی آخری صدارت کریں گے اور توقع ہے کہ وہ بدھ کو وزیراعظم سے سوال و جواب کے آخری سیشن میں شرکت کے بعد ملکہ کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیں ۔

گیارہ مئی دو ہزار دس کو وزیراعظم بننے والے ڈیوڈ کیمرون چھے سال دو ماہ اور دو دن وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہے۔

برطانیہ میں یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج سامنے آنے کے بعد ڈیوڈ کیمرون نے اپنے استعفی کا عندیہ دیا تھا۔

اس ریفرنڈم میں برطانوی عوام کی اکثریت نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

ٹیگس