ہلیری کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کی باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد
ہیلری کلنٹن کو ڈیموکریٹک پارٹی نے باضابطہ امریکی صدارتی امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ ہلیری کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کی پہلی خاتون صدارتی امیدوار ہیں۔
امریکہ کی اڑسٹھ سالہ سابق وزیر خارجہ اور سینیٹر ہیلری کلنٹن کو فلاڈلفیا شہر میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن کے دوسرے روز مطلوبہ دو ہزار تین سو تراسی ووٹ مل گئے اور یوں وہ پہلی امریکی خاتون بن گئیں جسے کسی بھی سیاسی جماعت نے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ ہیلری کلنٹن نے سخت مقابلے کے بعد مدمقابل سینیٹر برنی سینڈرز کو شکست دے کر پارٹی کی نامزدگی حاصل کی ہے۔ وہ جمعرات کی رات اس کنونشن کے اختتام پر صدارتی امیدوار کی حیثیت سے اپنی نامزدگی کو باضابطہ طور پر قبول کریں گی۔ اس کے بعد وہ اپنے نامزد نائب صدر ٹم کین کے ساتھ مل کر اپنی انتخابی مہم چلائیں گی۔
واضح رہے کہ ہیلری کلنٹن رواں برس آٹھ نومبر کو ہونے والے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کریں گی۔