Nov ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۶ Asia/Tehran
  • روس میں قبل از وقت صدارتی انتخابات کی تردید

روسی صدر کے ترجمان نے ملک میں قبل از وقت صدارتی انتخابات سے متعلق خبروں کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے۔

روسی ایوان صدر کریملن کے ترجمان دی متری پسکوف نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں قبل از وقت صدارتی انتخابات کا کوئی امکان نہیں۔ انہوں نے ان خبروں کی بھی سختی کے ساتھ تردید کی کہ کریملن میں ہونے والے کسی اجلاس میں قبل از وقت صدارتی انتخابات کے بارے میں غور کیا گیا ہے۔

روسی صدر ولادی میر پوتن

اس سے قبل بعض ذرائع ابلاغ نے معروف روسی تجزیہ نگار پروفیسر والری سولوفی کے حوالے سے ایسی خبریں شائع کی تھیں کہ صدر ولادی میر پوتین اپنی مدت صدارت ختم ہونے سے پہلے اقتدار سے علیحدہ ہوجائیں گے۔ روزنامہ ڈیلی میل نے پروفیسرسولوفی کے انٹرویو کو ایک بار پھر شائع کیا ہے حالانکہ روس کے بارے میں ڈیلی میل کی خـبروں کی کئی بار تردید کی جا چکی ہے۔

دوسری جانب روسی ویب سائٹ ژوردوم نے بھی مذکورہ انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ پروفیسرسولوفی نے پیش گوئی کی ہے کہ سنہ دوہزار سترہ میں کوئی اور شخص روس کا صدر بن جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ روس میں صدارتی انتخابات مارچ دوہزار اٹھارہ میں کرائے جائیں گے۔

 

ٹیگس