Dec ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  • امریکہ: ریاست میشیگن میں ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرائے جانے کا مطالبہ

امریکہ کے صدارتی انتخابات میں گرین پارٹی کے امیدوار نے ریاست میشیگن میں ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے صدارتی انتخابات میں گرین پارٹی کی امیدوار جیل اسٹائن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میشیگن اور پورے امریکہ کے عوام، ووٹنگ کے ایک شائستہ نظام کے خواہاں ہیں تاکہ وہ اس نظام پر اعتماد کر سکیں۔

ڈیموکریٹ پارٹی کی شکست خوردہ نامزد امیدوار کی انتخابی کمپین نے بھی اعلان کیا ہے کہ ہلیری کلنٹن نے بھی امریکہ کی چند اہم ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرائے جانے سے متعلق جیل اسٹائن کے مطالبے سے اتفاق کیا ہے۔

امریکہ کے صدارتی انتخابات میں گرین پارٹی کی امیدوار، جوانتخابی مہم کے دوران کوئی خاص مالی ذرائع حاصل نہیں کرسکی تھیں، گذشتہ چند دنوں میں ہلیری کلنٹن کے حامیوں کے تعاون سے، جو اب بھی انتخابات کا نتیجہ تبدیل کئے جانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، چند ملین ڈالر جمع کرنے میں کامیاب رہی ہیں تاکہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائے جانے کے اخراجات برداشت کئے جا سکیں۔

امریکہ میں جو بھی امیدوار، ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائے جانے کا خواہاں ہوتا ہے اسے اس اقدام کے مالی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائے جانے کی درخواست پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کو مضحکہ خیز اور ایک طرح کا فریب قرار دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات کے نتائج میں جب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کا اعلان کیا گیا ہے اس ملک کی مختلف ریاستوں اور شہروں میں وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔

ٹیگس