یورپی یونین کی پابندیوں پر روس کا ردعمل
روس کی وزارت خارجہ نے اپنے ملک کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کو اس کی کمزوری کا نتیجہ قرار دیا ہے-
روس کی وزارت خارجہ نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ روس کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں میں مزید چھے مہینے کی توسیع سے پتہ چلتا ہے کہ یورپی یونین کو رکن ممالک کے مفادات کی کوئی پرواہ نہیں ہے- اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے ثابت ہوتا ہے کہ یورپی یونین کو ایک خود مختار بین الاقوامی فریق نہیں سمجھا جا سکتا- روس کی وزارت خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یورپی یونین نے ماسکو کی جانب سے یوکرین کے بحران کے حل کے لئے مینسک معاہدے پر عمل درآمد اور پابندیوں سے مربوط کر کے، حقائق کو سمجھنے میں اپنی ناتوانی ثابت کر دی ہے- بیان میں کھل کر کہا گیا ہے کہ یورپی حکام کے دعؤوں کے برخلاف، روس نے یوکرین امن مذاکرات میں تعمیری کردار ادا کیا ہے- یورپی یونین کے سربراہوں نے گذشتہ ہفتے جمعرات کو بریسلز میں ایک اجلاس میں روس کے خلاف اپنی پابندیاں، اکتیس جولائی دو ہزار سترہ تک بڑھا دی ہے-