آسٹریلوی وزیر اعظم کا برطانیہ سے علیحدگی پر زور
آسٹریلیا کے وزیر اعظم میلکم ٹرن بل نے برطانوی بادشاہت سے آسٹریلیا کے الگ ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم نے آسٹریلیا کی ریپبلکن موومنٹ کی پچیسویں سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب میں کہا کہ آسٹریلیا کو ملکہ الزبتھ دوئم کی سلطنت کے خاتمے کے بعد خودمختار ہونا چاہیے اور جمہوری نظام تشکیل دینا چاہیے۔ میلکم ٹرن بل نے اس تقریب میں کہا کہ اس راستے میں کامیابی کے لیے عوام کی حمایت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ نئی مجوزہ جمہوریہ میں حکومتی نظام کے تعین کے لیے ایک مشاورتی ریفریندم کا انعقاد اہمیت کا حامل ہے۔ آسٹریلوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ مشاورتی ریفرینڈم لوگوں کو اس بات کا امکان فراہم کرتا ہے کہ وہ براہ انتخابات اور پارلیمنٹ کے تعین میں سے کسی ایک حکومتی نظام کا انتخاب کریں۔ ٹرن بل نے انیس سو اکانوے میں آسٹریلیا کی ریپبلکن موومنٹ کے قیام میں کردار ادا کیا تھا اور وہ انیس سو ترانوے سے لے کر دو ہزار تک اس موومنٹ کے صدر رہے۔ اس موومنٹ نے ٹرن بل کی قیادت میں برطانیہ سے علیحدگی کے لیے ایک ریفرینڈم کا انعقاد کیا لیکن وہ اس میں کامیابی حاصل نہ کر سکے۔ آسٹریلیا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ برطانیہ سے علیحدگی کے سلسلے میں نئے ریفرینڈم کے انعقاد کے لیے مناسب وقت نہیں ہے اور اس موضوع کا ملکہ الزبتھ دوئم کی سلطنت کے خاتمے کے بعد جائزہ لیا جائے گا۔