اوباما انتظامیہ کو روس کا انتباہ
روس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما کی حکومت اپنے آخری دنوں میں خارجہ پالیسی کے میدان میں اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی بات کر رہی ہے
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے ابھی تک روس کے خلاف زیادہ سے زیادہ کارروائیاں انجام دینے کے اپنے ارادوں کو ترک نہیں کیا ہے اور وہ ماسکو اور واشنگٹن کے تعلقات کو جو پہلے سے ہی کشیدہ ہیں مزید نقصان پہنچانے کے لئے کام کررہی ہے - روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اوباما کے ساتھی نئے سال کی آمد کے موقع پر خود کو وائٹ ہاؤس سے نکلنے کے لئے ایک ایسے وقت تیار کررہے ہیں جب وہ ماسکو کے ذریعے ان کے بقول انجام دئے گئے سائبر حملے کا جواب دینے کے لئے روس مخالف نئے اقدامات میں مصروف ہیں - روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ امریکا پر روس کے سائبر حملے کے بارے میں اعلی امریکی حکام کے جھوٹے دعووں کی تکرار سے روس تھک چکا ہے - انہوں نے کہا کہ اوباما انتظامیہ نے چھے مہینے پہلے سے ہی روس کے سائبر حملے کا پروپیگنڈہ کرکے امریکا کے صدارتی انتخابات میں اپنی امیدوار ہیلری کلنٹن کو کامیاب کرانے کی کوشش شروع کردی تھی اورجب وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب نہ ہوسکی تو اب وہ اس ناکامی پر پردہ ڈالنے میں لگی ہوئی ہے اور اس کے لئے وہ امریکا اور روس کے تعلقات کو مزید خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے - روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر امریکی حکومت نے روس کے خلاف مزید اقدامات کئے تو اس کو مناسب جواب دیا جائے گا - واضح رہے کہ امریکی حکام کہہ چکے ہیں کہ روس کے سائبر حملے کے جواب میں واشنگٹن ماسکو کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرے گا - امریکا کے صدارتی الیکشن میں روس کی مداخلت کا موضوع ایک ایسا معاملہ تھا جو پوری انتخابی مہم کے دوران سرخیوں میں رہا اور اس پر کافی ہنگامہ بھی ہوتا رہا - جبکہ ٹرمپ کی جانب سے دئے گئے بعض متنازعہ بیان اور پوتن کی تعریف کرنے کی وجہ سے بھی یہ معاملہ کافی گرم رہا - امریکی وزارت خزانہ نے اپنی ویب سائٹ پر روس کے خلاف نئی پابندیوں کی فہرست بھی جاری کردی ہے