Dec ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۴ Asia/Tehran
  • شام میں جنگ بندی کے حق میں قرارداد پاس کرنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب ویتالی چورکن نے سلامتی کونسل سے، شام میں جنگ بندی کے حق میں قرارداد پاس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ویتالی چورکن کا کہنا تھا کہ انہوں نے شام میں جنگ بندی کی توثیق کے بارے میں قرارداد کا مسودہ جمعے کے روز سلامتی کونسل کو پیش کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کو اس اہم معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے آگے آنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدہ، شامی حکومت اور مخالف گروہوں کو، جنوری کے اوخر میں قزاقستان میں ہونے والی براہ راست بات چیت میں شرکت کا پابند بناتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ شام میں جنگ بندی سے متعلق روس کی قرارداد پر سلامتی کونسل میں رائے شماری کرائی جائے گی اور اسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا جائے گا۔
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے نے کہا کا ان کا ملک شام کے بارے میں ٹھوس اور جامع مذاکرات میں شرکت کے خواہاں تمام گروہوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران ، روس اور ترکی کی وساطت سے ہونے والی جنگ بندی پر جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات سے عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔

 

ٹیگس