فرانسیی پارلیمانی وفد کی صدر بشار اسد سے ملاقات
فرانس کے تین رکنی پارلیمانی وفد نے دمشق میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
پیرس اور دمشق میں سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سرکردہ رکن پارلیمنٹ تھیری ماریانی کی قیادت میں فرانسیسی پارلیمانی وفد نے صدر بشار اسد کے ساتھ ملاقات میں تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
شام کے صدر نے اس ملاقات میں ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ان کی حکومت داعش اور فتح الشام جیسے دہشت گرد گروہوں کو چھوڑ کے تمام مسلح مخالفین سے مذاکرات اور بات چیت کے لیے تیار ہے۔
فرانسیسی اخبار لوفیگارو کے مطابق، تھیری ماریانی کے ساتھ صدر اسد سے ملاقات کرنے والے وفد میں رکن پارلیمنٹ نکولس دوئیک اور ژان لاسان بھی شامل تھے۔
توقع کی جارہی ہے کہ فرانس کا یہ تین رکنی پارلیمانی وفد لبنان بھی جائے گا جہاں وہ بیروت میں صدر مشیل عون اور وزیراعظم سعد حریری سے ملاقات اور گفتگو کرے گا۔