امریکہ کو چاہئے کہ دہشت گردی کی حمایت کرنا بند کرے، ڈیموکریٹس رکن کانگریس
امریکہ کی ایک رکن کانگریس نے شام کے صدر بشار اسد سے خفیہ ملاقات کے بعد کہا ہے کہ امریکہ کو چاہئے کہ دہشت گردی کی حمایت کرنا بند کردے۔
امریکہ کی ایک ڈیموکریٹ رکن کانگریس ٹولسی گیبرڈ نے شام کے صدر بشار اسد سے خفیہ ملاقات کے بعد کہا ہے کہ امریکہ کو چاہئے کہ ترکی و سعودی عرب کے راستے سے ہو یا داعش گروہ کی براہ راست مالی مدد کے دائرے میں ہو، دہشت گردی کی حمایت کرنا بند کرے۔
امریکہ کی اس ڈیموکریٹ رکن کانگریس نے اس بات کا اعلان بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کیا۔
ٹولسی گیبرڈ کا یہ بیان ان کے شام کے ایک ماہ کے سفر کے بعد سامنے آیا ہے کہ جس میں انھوں نے شام کے صدر بشار اسد سے خفیہ ملاقات کے علاوہ شامی فوجیوں اور مخالفین کے لواحقین نیز شامی پناہ گزینوں سے بھی ملاقات کی۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ شام میں امن کی بحالی کے لئے بشار اسد کا اقتدار میں رہنا ضروری ہے۔
گیبرڈ نے سی این این سے گفتگو میں بھی کہا ہے کہ بشار اسد کے بارے میں کچھ بھی تصور کر لیا جائے مگر حقیقت یہ ہے کہ وہ شام کے صدر ہیں اور شام میں کسی بھی قسم کے پائدار امن سمجھوتے کے لئے ان سے گفتگو کئے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ دہشت گردوں کی خواہ وہ کسی بھی شکل میں ہو، حمایت کرنا بند کر دیں تاکہ شام کی صورت حال میں بہتر ہو سکے۔