نتنیاہو کا ایران مخالف غیر ملکی دورہ
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتنیاہو نے چند ملکوں کا دورہ شروع کر دیا ہے تاکہ ایران کے خلاف ان ممالک کو اپنا ہمنوا بناسکیں
پرس ٹی وی کے مطابق نتنیاہو برطانیہ امریکا اورآسٹریلیا کا دورہ کر رہے ہیں - برطانوی اخبار گارڈین نے لکھا ہے کہ نتنیاہو نے اپنے غیر ملکی دورے کا آغاز کرنے سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم اسرائیل کے لئے ایک اہم سفارتی دور کا آغاز کررہے ہیں - نتنیاہو نے دعوی کیا کہ وہ کوشش کریں گے کہ ایران کے خلاف ایک مشترکہ محاذ تشکیل دیں -
نتنیاہو نے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ہوئے ایٹمی معاہدے کی ایک بار پھر مخالفت کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ہم جانتے ہیں کہ اس معاہدے نے نہ صرف اسرائیل کو بلکہ امریکا اور علاقے کے بہت سے ملکوں کو تکلیف پہنچائی ہے - صیہونی وزیراعظم نے کہا کہ میں بہت جلد واشنگٹن میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کروں گا - ایران کے خلاف محاذ تشکیل دینے کا نتنیاہو کا یہ دعوی ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب نتنیاہو کے دورہ برطانیہ کے خلاف برطانوی شہریوں نے لندن میں زبردست مظاہرہ کیا ہے - یہ بھی اطلاعات ہیں کہ برطانوی وزیراعظم تھریسا مئے فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے ذریعے صیہونی بستیوں کی تعمیر کے غیرقانونی اقدام کے خطرات کے بارے میں نتنیاہو کو خبردار کریں گی -