Feb ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۱:۱۰ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کا بلیسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

جنوبی کوریا کی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا نے 500کلو میٹر تک مار کرنے والے بلیسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ صدرکے امریکہ کے صدر بننے کے بعد شمالی کوریا کا بلیسٹک میزائل کا یہ پہلا کامیاب تجربہ ہے۔

امریکی دورے پر موجود جاپانی وزیراعظم نے شمالی کوریا کے اس اقدام پر شدید ردعمل میں میزائل تجربے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے شمالی کوریا پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کا احترام کرے۔

 شمالی کوریا کے تجربے پر امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان بھی رابطہ ہوا ہے تاہم ابھی تک شمالی کوریا کی جانب سے کوئی بیان نہیں آیا ہے۔

جنوبی کوریا کے حکام نے بتایا کہ میزائل کو مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 55 منٹ پر لانچ کیا گیا اور یہ مشرق کی سمت جاپانی سمندر کی طرف 500 کلومیٹر تک گیا۔

میزائل تجربہ شمالی پیونگان صوبے کے ایئر بیس سے کیا گیا اور یہ علاقہ کوریائی خطے کے مغرب میں واقع ہے۔

یا د رہے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے جنوری میں کہا تھا کہ ان کا ملک طویل فاصلے کے میزائل ٹیسٹ کرنے والا ہے جس میں جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت ہوگی۔

شمالی کوریا نے گزشتہ سال اپنا پانچواں جوہری تجربہ کیا تھا۔

 

ٹیگس