روس نے مشرقی یوکرین کی جمہوریاؤں کے پاسپورٹ کو تسلیم کر لیا
روس نے مشرقی یوکرین میں دونیسک اور لوہانسک کی خود ساختہ جمہوریاؤں کے پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کو تسلیم کر لیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایک حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مشرقی یوکرین سے متعلق تمام گاڑیوں کے نمبر پلیٹ اور ان کے کاغذات اور دونیسک اور لوہانسک میں رہنے والے تمام شہریوں کے تشخص کو تسلیم کیا جائے گا۔
روسی صدر کے حکمنامے میں آیا ہے کہ مشرقی یوکرین کے شہریوں سے متعلق یہ اقدام انسانی حقوق و آزادی اور معیار و اصول کے دفاع کے لئے عمل میں لایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کے تقریبا تیس لاکھ شہری، روس میں رہائش پذیر ہیں جن میں سے دس لاکھ سے زائد ایسے ہیں کہ جن کا تعلق دونیسک اور لوہانسک سے ہے۔
دونیسک اور لوہانسک میں اپریل دو ہزار چودہ میں ہونے والے رفرینڈم کے نتائج کے اعلان کے بعد ان علاقوں نے یوکرین سے اپنی آزادی کا اعلان کر دیا تھا۔