سلامتی کونسل کی شام مخالف قرار داد پر روس کی نکتہ چینی
روس نے شام کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کے مسودے پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
روس کے نائب وزیر خارجہ گنادی گاتیلوف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگا کر شام کے خلاف پابندیاں لگانے سے امن مذاکرات کو نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ شام کے خلاف پابندیوں کی تجویز غیر تعمیری ہے اور اس سے منفی ماحول پیدا ہو گا۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس مسودہ قرار داد پر رائے شماری کرانے والی ہے۔
قرارداد کا مسودہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے پیش کیا ہے اور اس میں گیارہ شامی عہدیداروں اور دس کمپینیوں کے خلاف پابندیاں لگانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
اس قرار داد کی منظوری کی صورت میں شامی فوج کو ہیلی کاپٹر اور اس کے پرزہ جات بھی فروخت نہیں کیے جا سکیں گے۔
روس نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس قرار داد کو ویٹو کردے گا۔