Mar ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۰:۰۱ Asia/Tehran
  • امریکی سفارتکار ملک بدر

نیوزی لینڈ‌ نے امریکی سفارتکار کو ملک بدر کردیا ہے۔

نیوزی لینڈ‌ سے ملک بدر ہونے والے امریکی سفارت کار نے پولیس کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا تھا جس پر نیوزی لینڈ‌  کی حکومت نے قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اس امریکی سفارتکار کو ملک بدر کر دیا۔ واضح رہے کہ امریکی سفارتخانے کا ایک اہلکار نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں 12 مارچ کو پیش آنے والے ایک جرم میں مبینہ طور پر ملوث تھا جس کے لئے پولیس نے سفارتکار سے پوچھ گچھ کی درخواست کی لیکن سفارتخانے نے اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا جس پر سخت ایکشن لیتے ہوئے نیوزی لینڈ نے امریکا سے اس سفارتکار کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

دوسری جانب امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ شخص ہفتے کے روز ملک چھوڑ چکا ہے تاہم اس امریکی سفارتکار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ نیوزی لینڈ کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تمام غیر ملکی سفارتی عملے پر واضح کر دیا گيا ہے کہ نیوزی لینڈ کے قانون کا احترام کریں، اور اگر ان کے خلاف سخت جرائم کے الزامات ہیں تو استثنیٰ کا حق استعمال نہ کریں۔ یاد رہے کہ ویلنگٹن میں امریکی سفارتخانے میں فی الوقت کوئی مستقل سفیر تعینات نہیں ہے جبکہ جنوری میں ٹرمپ انتظامیہ نے سابق صدر براک اوباما کے تعینات کردہ سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔

ٹیگس