ترکی اور یورپی یونین کے تعلقات میں کشیدگی
ترکی کے صدر نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ ترکی اور یورپی یونین کے تعلقات پر نظرثانی کی جائے گی۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے سی این این ترک ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ سولہ اپریل کو ترکی کے بنیادی آئین میں اصلاح کے بارے میں ہونے والے رفرینڈم کے بعد ان کا ملک، یورپی یونین کے ساتھ مختلف اداری و سیاسی تعلقات منجملہ مہاجروں کے بارے میں تعلقات پر نظرثانی کرے گا تاہم اقتصادی تعلقات کا تحفظ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ترکی اور یورپی یونین کے تعلقات اس وقت سے کشیدہ ہو گئے ہیں جب یورپ کے دو ملکوں جرمنی اور ہالینڈ نے ترکی کے چند وزیروں کو ترکی کے رفرینڈم کے بارے میں ان ممالک میں ترک نژاد شہریوں کے اجتماعات میں تقریر کرنے سے روک دیا۔
قابل ذکر ہے کہ ترکی میں سولہ اپریل کو رفرینڈم ہو رہا ہے جس میں ترک عوام اپنے ملک میں پارلیمانی نظام کو صدارتی نظام میں تبدیل کئے جانے کے حق یا مخالفت میں ووٹ دیں گے۔