Mar ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  •  شام میں امریکی اقدامات تخریبی ہیں: روس

روس کی مسلح افواج کے آپریشنل کمانڈر نے شام میں امریکی اقدامات کو تخریبی اور کشیدگی کا باعث قرار دیا ہے۔

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق روس کی مسلح افواج کے آپریشنل کمانڈر سرگئی رادسکوی نے کہا ہے کہ شام میں امریکی اتحاد کی فوجی کارروائیوں کا مقصد، اس ملک کی بنیادی تنصیبات کو پوری طرح تباہ کرنا اور جنگ کے بعد اس ملک کی تعمیرنو کے عمل کو زیادہ سے زیادہ مشکل بنانا ہے-

روس کے فوجی کمانڈر نے مزید کہا کہ امریکہ کی زیر کمان جنگی طیاروں نے شام میں واقع دریائے فرات کے چار پلوں کو بمباری کر کے تباہ کر دیا ہے جبکہ مغربی رقہ میں چالیس کلومیٹر کی دوری پر واقع طبقہ ڈیم پر بھی بمباری کی ہے کہ جس کے ٹوٹنے سے ماحولیات کی تباہی اور بڑی تعداد میں عام شہریوں کو موت کا سامنا کرنا پڑے گا-

طبقہ ڈیم، شام کا ایک بڑا ڈیم ہے جو دریائے فرات پر بنایا گیا ہے- اقوام متحدہ نے ابھی حال ہی میں خبردار کیا تھا کہ اس ڈیم کو نقصان پہنچنے سے تباہ کن سیلاب کا خطرہ ہے-

داعش دہشت گرد گروہ نے اتوار کو ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا تھا کہ امریکی اتحاد کے فضائی حملوں کے باعث طبقہ ڈیم ٹوٹنے کا امکان بڑھ گیا ہے-

 

ٹیگس