فرانس کے مسلمانوں کا مسجد بند کئے جانے پر احتجاج
فرانس کے سیکڑوں مسلمانوں نے پیرس کے مضافاتی علاقے میں ایک مسجد بند کئے جانے پر احتجاج میں شہر کی سڑکوں پر جماعت کےساتھ نماز ادا کی-
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے سیکڑوں مسلمانوں نے شمالی پیرس کے کلیشی علاقے میں اس مسجد کے سامنے سڑک پر نماز ادا کی جسے نماز جماعت کے لئے استعمال کیا جاتا تھا- اس مسجد کو بند کئے جانے کے باعث یہاں عربی اور اسلامی تاریخ کی تعلیم حاصل کرنے والے تین سو بچے درس سے محروم ہو گئے- احتجاجی مظاہرین گذشتہ دس دنوں سے اس مسجد کے سامنے جمع ہو کر احتجاج کر رہے ہیں- احتجاجی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو جاتا اس وقت تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے- فرانس میں تقریبا پچاس لاکھ مسلمان رہتے ہیں اور اس ملک میں مسجد کی کمی کی بنا پر سڑکوں پر نماز پڑھنا معمول کی بات ہو گئی ہے۔ فرانس کے حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ برسوں میں ملک میں مسلمانوں پر کئی طرح کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں-